پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس: خواجہ برادران کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں اجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے، جہاں ان کے وکیل نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نہ پیراگون کے شئیر ہولڈرز ہیں نہ اسپانسر اور نہ ہی ڈائریکٹر۔ اس کیس میں جرم ثابت ہونے کا امکان نہیں ہے کیوں کہ جرم ہی نہیں ہے ۔ابھی تک نیب کے جتنے بھی گواہ ریکارڈ ہوئے ہیں، وہ کچھ بھی ریکارڈ پر نہیں لا سکے۔ عدالت دونوں کی بریت کی درخواستوں کو منظور کرے۔
احتساب عدالت لاہور نے خواجہ برادران کی بریت کی درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے شریک ملزمان فرحان ، ندیم ضیا اور عمر ضیا کی بریت کی درخواستوں پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔