ملک بھر میں یوم بحریہ قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم بحریہ آج روایتی جوش جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
1965 ء کی جنگ میں بھارت کے خلاف پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال 8 ستمبر کو یوم بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں ایک طرف پاکستان کی بری اور فضائی افواج دشمن پر اپنی بالادستی تسلیم کرارہی تھیں ،تو دوسری طرف پاک بحریہ بھی کسی سے پیچھے نہیں تھی۔ بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں دونوں ملکوں کی بحریہ کا تناسب اور بھی خراب تھا۔
اس وقت بھارت ہماری بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں آٹھ سے دس گنا زائد طاقت کا حامل تھا تو بحری افواج میں یہ تناسب اس سے بھی زیادہ تھا، لیکن اس کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔