انسٹاگرام کا شاپنگ فیچرز کے حوالے سے نیا فیصلہ

انسٹاگرام اپنے پلیٹ فارم پر شاپنگ فیچرز میں کمی کر رہا ہے، فیصلے کا مقصد ای کامرس پالیسی کے تحت براہ راست اشتہارات پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہے۔
ٹیکنالوجی جریدے ‘دی انفارمیشن’ نے انسٹاگرام کے اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپنی کے ملازمین کو پالیسی میں تبدیلی سے متعلق مطلع کردیا گیا، مزید بتایا گیا ہے کہ پلیٹ فارم کا موجودہ شاپنگ پیج بالآخر ختم ہوجائے گا۔
انٹرنل میمو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی کی اب بھی خواہش ہے کہ صارفین مصنوعات کی تلاش اور خریداری کیلئے یہ پلیٹ فارم استعمال کریں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسٹاگرام کی ملکیتی کمپنی ‘میٹا’ کے ترجمان نے بتایا کہ ای کامرس انسٹاگرام کیلئے اہم ہے کیونکہ ہم صارفین کیلئے فیڈ، اسٹوریز، ریلز، لائیو شاپنگ اور ڈراپس جیسے فیچرز سے پوری ایپ میں مصنوعات کی تلاش اور خریداری کو آسان بناتے رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں تاریخ میں پہلی بار میٹا کمپنی کی آمدنی کم ہوئی ہے۔ میٹا کی آمدنی میں کمی ڈیجیٹل اشتہاری مارکیٹ میں کمی کے بعد ہوئی جس کا گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ اور اسنیپ جیسے حریفوں کو بھی سامنا کرنا پڑا۔
مارک زکربرگ نے چند روز قبل کہا تھا کہ ہمارا مقصد تخلیق کاروں کیلئے فیس بک اور انسٹاگرام پر پیسہ کمانے کے مزید مواقع تیار کرنا ہے۔
انہوں نے فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ہم ایک ایسے مستقبل کی طرف جارہے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ لوگ تخلیقی کام کر سکتے ہیں، جس سے وہ لطف اندوز ہوں۔
رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام اپنی ای کامرس کے متعدد فیچرز کو کم کر رہا ہے جن میں انسٹاگرام شاپنگ کے اندر ‘کری ایٹر کامرس’ میں میٹا کی سرمایہ کاری اور اس کے ‘فرینڈز اینڈ فیملی شاپنگ سیکشن’ شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپ کا شاپنگ ٹیب اب بھی لوگوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا جو ان کیلئے ذاتی نوعیت کے نئے برانڈز تلاش کرسکے گا۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے چند مہینوں میں شاپنگ پیج کے ایک آسان ورژن کی جانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جسے داخلی طور پر ‘ٹیب لائٹ’ کہا جاتا ہے۔