کراچی میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا، ایک ہفتے میں دوسری ہلاکت رپورٹ

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی وائرس سے دوسرا مریض بھی انتقال کرگیا۔ ڈینگی وائرس کے کیسز میں شدت آنے کے بعد اسپتال بھر گئے، ستمبر کے 9 روز کے دوران کراچی میں 843 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ویکٹر بارن ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر تیرتھ داس کہتے ہیں نجی اسپتالوں کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر ڈیٹا فراہم نہیں کیا جارہا، متعلقہ اداروں کو خط لکھا ہے کہ وہ ڈینگی وائرس کے روزانہ کی بنیاد پر اسپتال داخل ہونیوالے مریضوں سے آگاہ کریں۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کراچی ضلع شرقی میں ڈینگی وائرس کے نتیجے میں ایک اور شخص انتقال کرگیا تاہم محکمہ صحت سندھ نے مرنے والے مریض کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈینگی وائرس کے نتیجے میں کراچی ضلع شرقی میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری ہلاکت ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 113 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر شہر قائد میں ستمبر کے مہینے میں 843 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے، رواں برس کراچی میں 3 ہزار 50 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈینگی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ضلع شرقی ہے جہاں ایک یوم کے دوران 67 افراد وائرس کا شکار ہوئے اور ستمبر کے مہینے میں 347 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ مرنے والے دونوں افراد کا تعلق بھی ضلع شرقی سے ہے۔
ویکٹر بارن ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر تیرتھ داس نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ڈینگی وائرس سے اب تک کراچی میں 2 اموات ہوئی ہیں، شہر بڑے نجی اسپتال ہمیں ڈینگی وائرس کا ڈیٹا شیئر نہیں کرتے۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسپتالوں کو خط لکھا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یومیہ کی بنیاد پر اسپتال آنیوالے ڈینگی وائرس کے کیسز سے محکمہ صحت کو مطلع کریں۔
طبی ماہرین نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہری گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، پوری آستین کے کپڑے پہنیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، اگر گھروں میں پانی ذخیرہ کرنا ہو تو اسے ڈھانپ کر رکھیں، مچھر مار اسپرے کریں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔

کیٹاگری میں : صحت