سابق رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں دوران سماعت عدالت نے راجہ اظہر سے پوچھا کہ آپ پر کوئی تشدد تو نہیں کیا گیا؟ اس پر راجہ اظہر نے بتایا کہ نہیں مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس نے راجہ اظہر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے تفتیش کے بعد ترمیمی چالان پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر راجہ اظہر کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب عدالت کے باہر میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو میں راجہ اظہر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی محبت دل سے کوئی نہیں نکال سکتا، جہاں چیئرمین تحریک انصاف کھڑے ہیں وہاں میں کھڑا ہوں۔ انہوں نے شرجیل میمن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ثابت کرے بس کو آگ لگی، یہاں شراب کو شہد بنا دیا جاتا ہے، اعتراف کرتا ہوں 9 مئی کو احتجاج کیا تھا۔