اسلام آباد میں قادر پٹیل نے بچوں کو کرونا ویکسین لگانے کی مہم کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیرصحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بڑوں کو بچانے کے لیے بچوں کو ویکسین کرانی پڑے گی۔
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کرونا کے خطرے کا انتظار کرنے سے بہتر یہ ہے کہ اس سے بچاؤ کی تدابیر کرلیں۔ یہ وباء کم ضرور ہوئی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور بطور زندہ قوم چاک و چوبند رہنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بڑوں کو بچانے کے لیے بچوں کو ویکسین کرانی پڑے گی۔وفاقی وزیرنے بتایا کہ مہم کے دوران ملک بھر میں 80 لاکھ بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی اور جیسے جیسے ویکسین ملتی رہے گے، یہ مہم جاری رہے گی۔
ادھر سندھ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کردیا۔
اس موقع پر امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈرو شوفر قائم مقام قونصلر جنرل، سیکریٹری صحت سندھ ذوالفقار علی شاہ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر جمن بہوتو، ای پی آئی سندھ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مہم کا پہلا مرحلہ 24 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں کراچی اور حیدرآباد کے 24 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق بچوں کو فائزرکی بائیواین ٹیک ویکسین لگائی جارہی ہے جس کی 2 خوراکیں کم از کم 28 دنوں کے وقفے سے دی جائیں گی اور اس کا اندراج نادرا میں کيا جائے گا۔
وزیرصحت نے بتایا کہ ہم مل جل اس لیے رہے ہیں کیوں کہ ویکسینیشن ہوچکی ہے اور اب بچے اسکول جا رہے ہیں۔ اب بچوں کو ویکسین لگا رہے ہیں تاکہ وہ محفوظ رہیں۔