جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم نیویارک پہنچ گئے

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نیو یارک پہنچ گئے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرے گا، وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز دینگے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرینگے، جبکہ اجلاس میں وزیراعظم مختلف ممالک کے ہم منصب اور یواین کے صدر اور سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم دورہ کے دوران بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات کریں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ رات ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لندن پہنچے تھے۔ وزیراعظم نے ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کی، جس کے بعد وہ امریکا روانہ ہوئے۔