خطے میں پائیدار امن و استحکام پاکستان کی ترجیح ہے: نگراں وزیر خارجہ

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام پاکستان کی ترجیح ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں آسیان کارنر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک ایشیا بحر الکاہل کے خطے میں امن و استحکام کا قیام پاکستان کی ترجیح ہے اور اعتماد سازی اور تنازعات کی روک تھام کیلئے آسیان کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان اجتماعیت کا علمبردار ہونے کی حیثیت سے یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں پر عملدرآمد وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد، احترام اور اعتماد کی بنیاد پر تمام ممالک کیساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے اور یہ ہماری صلاحیتوں کو ہمارے عوام کے مفاد کیلئے استعمال کرنے کا دانشمندانہ طریقہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا پاکستان علاقائی تعاون روابط کا حامی ہے اور اس سے مستفید ہونے والا ملک ہے، سی پیک علاقائی روابط کے نظریے پر ہمارے یقین کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ آسیان کی طرز پر ہی قائم کیا جانے والا ادارہ سارک اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے باوجود بھارتی ہٹ دھرمی کا شکار ہو گیا۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی، وبائ، دہشت گردی، اسلام مخالف جذبات، متنازعہ علاقوں سے ہجرت اور سائبر سکیورٹی سمیت مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، باہمی تشویش کے اُمور کو مشترکہ طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔