عمران خان کے وفادار امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے: نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی نگراں حکومت کا مینڈیٹ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، ووٹ ڈالنے کے لئے جتنا آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، آئین صرف الیکشن کے بارے میں نہیں،آئین کے بہت سے پہلو ہیں، چاہتے ہیں ملک میں ایک مستقل حکومت آئے۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن سے متعلق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، بلکہ جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جائے گا، دنیا کا کوئی ملک غیر قانونی مقیم افراد کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لیکر پاکستان آسکتا ہے، البتہ کسی کے املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی اور اسمگلنگ پر جسے ہی ہاتھ ڈالا روپیہ مستحکم ہوا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اسمگل کے خلاف سختی کی ہے، اسمگلنگ پر سختی ہوئی ہے تو ملیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔