مشہور چینی کمپنیوں بیدو اور علی بابا نے آن لائن نقشوں سے اسرائیل کا نام ہٹا دیا

فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف جہاں دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں، وہاں مشہور چینی کمپنیوں بیدو اور علی بابا نے آن لائن نقشوں سے اسرائیل کا نام ہٹا دیا ہے۔ چین کی کمپنیوں بیدو اور علی بابا نے اپنے آن لائن ڈیجیٹل نقشوں سے اسرائیل کا نام ہٹا دیا ہے، آن لائن ریٹیلر چینی کمپنی علی بابا اور معروف ٹیکنالوجی کمپنی بیدو کے آن لائن نقشوں پر اب اسرائیل کا نام موجود نہیں ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیدو کے آن لائن نقشے اسرائیل کی ’تسلیم شدہ‘ سرحدوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی علاقوں کی نشان دہی کر رہے ہیں، لیکن بیدو کے آن لائن نقشے میں ملک کی شناخت کے طور پر اسرائیل کا نام موجود نہیں ہے، جب کہ لکسمبرگ جیسے چھوٹے ملک کا نام بھی آن لائن نقشوں پر موجود ہے۔ چین کی کمپنیوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی ہے، واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ساڑھے 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔