عمران خان اپنی سیاست کو بچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں: شیری رحمان

وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست کو بچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کوتیار ہیں۔
شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ملک کے مفادات کا تحفظ کرنے کا حلف اٹھایا تھا لیکن افسوسناک گفتگو عمران خان کی نہیں بلکہ پاکستان کے وزیر اعظم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر ملک میں تقسیم کی سیاست کی اور میں پہلے دن سے کہہ رہی ہوں یہ عمران بچاؤ تحریک ہے اور عمران خان اپنی سیاست کو بچانے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ سائفر پر کھیلنے کے بیانیے سے عمران خان کو فائدہ پہنچا ہو گا لیکن پاکستان کو نقصان ہوا ہے اور سائفر پر کھیلنے کا معاملہ سنگین ہے جو معافی تلافی سے ختم نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ نہیں کریں گے۔