وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل (جمعہ کو) طلب کرلیا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ای سی سی اجلاس میں 3 لاکھ ٹن درآمدی گندم کی تقسیم کے طریقۂ کار اور درآمدی گندم گوادر پورٹ پر لانے کے انتظامات کی سمری پر غور ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی درآمدی یوریا کھاد کی قیمت سے متعلق امور اور وزارت ہاؤسنگ کیلئے 2 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری پر بھی غور کرے گی۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں کے الیکٹرک کے بجلی کے نرخ سے متعلق سمری پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کو اپنے عہدے کا حلف لیا تھا، یہ انکی زیر صدارت ہونیوالا ای سی سی کا پہلا اجلاس ہوگا۔
وزیر خزانہ نے عہدے سنبھالنے کے بعد آج فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا دورہ بھی کیا اور ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیئرمین ایف بی آر اور ٹیم کی وزیر خزانہ کو ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، اسحاق ڈار نے ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے ایف بی آر کی کارکردگی کی تعریف کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے جولائی اگست کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے، ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کا پہلی سہ ماہی کا ہدف بھی کامیابی سے حاصل کرلے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیم ٹیکس ٹو جی ڈی پی 15 فیصد تک لے جانے کیلئے کوششیں کرے۔