امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے: وزیراعظم

پاک،امریکا تعلقات کی75ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیویارک میں امریکی صدر اور سیکریٹری خارجہ سے مفید ملاقات ہوئی، ماضی کو بھلاکر سنجیدہ بات چیت کے ذریعے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں طرف سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کیا جاتا…
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، امریکا پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہے، پاک،امریکا تعلقات کو چین یا افغانستان کے تناظرمیں نہیں دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں جب نوازشریف نے5ہزارمیگاواٹ بجلی بنانے کا فیصلہ کیا تو3 ہزار 500 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کیلئے امریکی کمپنی نے سرمایہ کاری کی، کمپنی نے انتہائی شفاف اور تیزترین طریقے سے پاکستان میں پلانٹ لگایا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کی صورتحال ہماری وجہ سے نہیں، عالمی برادری کومشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب میں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اردو میں ایک جملہ ادا کیا کہ ’اچھا دوست برے وقت کو بھی اچھا بنا دیتا ہے‘، جس پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت تقریب میں شریک افراد نے بھرپور داد دی۔