بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے بڑی خوشخبری

صحت کے شعبے میں بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع کا راستہ کھل گیا، ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی نے اہم پلیٹ فرام مہیا کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈاکٹر اور ہیلتھ کیئر کے شعبے میں انسانی وسائل کی کی شدید کمی ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کسی واسطے کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی نے اس ضرورت کا احساس کیا اور اب اس پلیٹ فارم کے ذریعے ڈاکٹرز اور الائیڈ ہیلتھ کے شعبے کے لوگوں کو بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع مل سکیں گے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سمیت الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں بہت بڑی تعداد میں پروفیشنلز تیار کرتی ہے جو دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر ٹیپو سلطان، ڈاکٹر اختر چغتائی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ہیلتھ کیئر کے شعبے سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ دوسرے ممالک مثلاً آئر لینڈ میں نرسنگ کے شعبے میں بہت ساری اسامیاں خالی ہیں، اگر ہم اپنے الائیڈ ہیلتھ شعبے کے لوگوں کو مہارت اور تربیت فراہم کریں تو ہم دنیا کے ممالک کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔ اے ایچ پی جی کے بانی ڈاکٹر جمیل الرحمٰن، ڈاکٹر مظہر شیخ اور دیگر ڈاکٹرز نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر میں بڑی تبدیلی آ رہی ہے، ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی پوری دنیا سے اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے اشتراک کرے گی۔ واضح رہے کہ ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی یونائیٹڈ اسٹیٹس آف امریکا سے رجسٹرڈ ادارہ ہے، جو ڈاکٹرز اور الائیڈ ہیلتھ کئیر کے ماہرین کی ٹریننگ اور مینٹور شپ کرے گا۔ دنیا بھر میں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی شدید کمی ہے، جس کے لیے ایسوسی ایشن آف ہیلتھ پروفیشنلز گلوبلی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد ڈاکٹر اور ہیلتھ کیئر سے وابستہ ٹیکنیشن، ڈینٹل ٹیکنیشن، ریڈیالوجسٹ، او ٹی ٹیکنیشن، نرسز، سونولوجسٹ، ایکسرے ٹیکنشن کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس کے ذریعے نہ صرف ان کو ٹریننگ دی جائے بلکہ دنیا بھر میں جہاں بھی ہیلتھ کیئر کے شعبے میں روزگار کے مواقع موجود ہوں، وہاں پاکستان کے یہ پروفیشنلز اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

کیٹاگری میں : صحت