یوکرینی جنگی قیدیوں کو لےجانے والا روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ

روس کے سرحدی علاقے میں یوکرینی جنگی قیدیوں کو لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ سرحدی علاقے بلگورود میں گر کر تباہ ہوا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق بلگورود میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں 65 یوکرینی جنگی قیدیوں سمیت 74 افراد سوار تھے۔ روسی وزارت دفاع کا بتانا ہے کہ طیارے میں سوار یوکرینی جنگی قیدیوں کو تبادلے کے لیے بلگورود لے جایا جا رہا تھا کہ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تاہم روسی حکام کی جانب سے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات سے متعلق کسی قسم کی اطلاعات فراہم نہیں کی گئیں۔