وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری

وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس اجلاس ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نامزد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ایوان میں پہنچ چکے ہیں، اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے نادر مگسی جو جیپ ریلی میں شرکت کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے تھے، وہ بھی ایوان پہنچے۔ پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو 112 ووٹ ملنے کی توقع ہے، جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار علی خورشدی کو 36 ووٹ مل سکتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر دیگر نگران کابینہ اراکین کے ساتھ گیلری میں تشریف فرما ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں رائے شماری کے ذریعے سید اویس قادر شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر آغا سراج درانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ 9 آزاد اور جماعت اسلامی کے ایک رکن سے حلف لیا تھا۔ نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے اسپیکر اور پھر ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کی مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے تھے۔