وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا ذہنی توازن درست نہیں، پرویز الہیٰ

صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے لانگ مارچ کے لیے سرکاری وسائل دینے سے صاف انکار کردیا۔پنجاب حکومت میں پھوٹ پڑ گئی ہے، اور وفاقی دارالحکومت پر یلغار سے پہلے ہی آپس میں تکرار، اورشہر اقتدار میں محاذ گرم ہونے سے پہلے ہی تحریک انصاف اور اتحادیوں میں اختلافات سامنے آنے لگے ہیں۔
وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے واضح اندازمیں بتا دیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لئے کسی قسم کے سرکاری وسائل استعمال نہیں کرے گی۔
ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ لانگ مارچ سیاسی معاملہ ہے اورصوبائی حکومت کواس کاحصہ نہیں بنناچاہیے، ہم پولیس کو نہیں کہیں گے کہ جاکرکنٹینرہٹائیں۔
دسری جانب لندن میں بیٹھے وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ سے جب وزیرداخلہ ہاشم ڈوگر کے بیان کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے ہی وزیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب ہاشم ڈوگر کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عمران خان کی ہدایات پر عمل کرے گی، ایسی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں، اس کا دماغی توازن خراب ہے۔
پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ پورا پنجاب عمران خان کا ہے، کے پی اور گلگت میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہے، یہ سب اسلام آباد پہنچ گئے تو کسی کو کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی۔