شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کیلیے تیار ہیں: چیئرمین پی سی بی

 پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیار ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے لیے فی الحال لندن میں موجود ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ دو روز قبل شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی ہے جس پر معلوم ہوا کہ فاسٹ بولر اب بہت بہتر ہے جبکہ ڈاکٹرز نے ویڈیوز بھی بھیجی ہیں، تقریباً 90 فیصد انجری ٹھیک ہوچکی ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ گھٹنے کی انجری بہت حساس ہوتی ہے اس لیے میری رائے یہی تھی کہ جب تک شاہین آفریدی 110 فیصد ٹھیک نہیں ہوجاتا تب تک خطرہ مول نہ لیا جائے لیکن فاسٹ بولر سے بات چیت کرکے اندازہ ہوا کہ وہ پہلے ہی 110 فیصد ٹھیک ہوگیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ شاہین نے مجھے بتایا کہ وہ پریکٹس میچ کھیلنے آسٹریلیا جائے گا اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار رہے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے۔