ڈبلیوایچ او کی سیلاب زدہ علاقوں میں صحت خدمات جاری رکھنے کی یقین دہانی

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیوایچ او) نے ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حفظان صحت کی ضروری خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کوبریفنگ دیتے ہوئے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے کنٹری نمائندہ Dr Plaitha Gunarathna Mahipalaنے کہاکہ عالمی ا دارہ مستقبل میں حفظان صحت کے موثرنظام کی تیاری میں معاونت فراہم کرنے کے لئے ایک منصوبے پر کام کررہاہے۔
انہوں نے کہاکہ حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کوشدیدنقصان پہنچاجس کے نتیجے میں مختلف وبائی امراض کے پھیلائو کاخطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں اسہال، ہیضہ،ملیریا، ڈینگی ،جلدکے امراض اورٹائیفائیڈ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظرمیں عالمی ادارے نے اپنی امدادی کارروائیوںکوتوسیع دی ہے اورنصیرآباد،سکھراورحیدرآبادمیں تین جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں متاثرین سیلاب کے لئے دس ہنگامی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
 

کیٹاگری میں : صحت