پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔ پیپلزپارٹی نے 2 صوبوں کی گورنرشپ لینے کے بعد وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا جب کہ فیصلے کے تحت اسے 8 وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ 2 صوبوں میں گورنر کے عہدوں کے لیے اپنے رہنماؤں کو نامزد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے 2 صوبوں کی گورنرشپ لینے کے بعد وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا جب کہ فیصلے کے تحت اسے 8 وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کو دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کا دعوٰی ہے کہ 2 وزارتیں سندھ، 2 بلوچستان اور باقی 4 وزارتیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کو دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پہلے مرحلے میں وفاقی وزارتیں لی جائیں گی جب کہ دوسرے مرحلے میں وزیر مملکت بنائے جائے گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا اور سلیم حیدر کو گورنر پنجاب کے عہدوں کے لیے نامزد کیا تھا۔ نجی ٹی وی سے غیر رسمی گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر کو گورنرز نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر دونوں پارٹی کے ورکرز ہیں۔ گورنرز کی نامزدگی کے حوالے سے خبریں سامنے آنے سے قبل وزیر اعظم شبہاز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی تعیناتی پر بھی مشاورت کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے اور (ن) لیگ کے وزارت عظمٰی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔