ایکس کا ایک اور بڑی تبدیلی کا اعلان

ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کے بلاک بٹن کو پسند نہیں کرتے اور یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اس فیچر میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ فی الحال اس فیچر کو مکمل طور پر تو ختم نہیں کیا جا رہا مگر پھر بھی اس میں ایک ڈرامائی تبدیلی کی جا رہی ہے۔ ابھی جب ایکس صارفین جب کسی اکاؤنٹ کو بلاک کرتے ہیں تو اس کی پوسٹس پر ریپلائی کر سکتے ہیں، مگر بلاک صارف کو وہ پیغامات نظر نہیں آتے۔ مگر کمپنی کی جانب سے اب فیچر کو تبدیل کیا جا رہا ہے جس کے بعد بلاک ہونے والا فرد بھی ان ریپلائیز کو دیکھ سکے گا۔ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ تبدیلی بلاک فیچر کو اپنے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کے عزم کے تحت کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہم ایسی تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں جن سے بلاک کرنے کا عمل تبدیل ہو جائے گا۔ یعنی بیان میں بلاک بٹن میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ بھی دیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ فیچر ایکس پر بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے مگر کمپنی کے مطابق ہمارا مقصد صارفین کو زیادہ کنٹرول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پوسٹس تک عوامی رسائی کو برقرار رکھنا ہے۔ ایلون مسک متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ بلاک فیچر کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ فی الحال تو ایسا نہیں کیا جا رہا مگر مستقبل قریب میں ایسا ضرور ممکن ہو سکتا ہے۔