دبئی سے پاکستانی مزدوروں کا کتنا پیسہ پاکستان جاتا ہے؟

 متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 5فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 4.212 ارب ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.996 ارب ڈالرکا زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ اپریل میں یو اے ای سے ترسیلات زرکا حجم 542 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سا ل اپریل کے مقابلہ میں 43 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سا ل اپریل میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 380 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں یواے ای سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ مارچ میں یو اے ای سے ترسیلات زر کا حجم 549 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اپریل میں کم ہو کر 542 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 23.84 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 23.04 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3 فیصد زیادہ ہے۔