گیٹس فاؤنڈیشن کا پولیو کے روک تھام کیلئے 1.2 ارب ڈالر کا اعلان

بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مزید ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے فنڈز فراہم کرے گی۔
گیٹس فاؤنڈیشن پہلے ہی دنیا سے پولیو کے خاتمے کے پروگرام’گلوبل پولیو ارڈکشن انیشیٹو‘ (جی پی ای آئی) کے لیے پانچ ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کر چکی ہے اور یہ تنظیم پولیو کے خاتمے کے لیے فنڈز فراہم کرنے والی بری تنظیم ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکتو افسر (سی ای او) نے تصدیق کی کہ ان کی تنظیم پولیو کے خاتمے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرے گی۔
عالمی تنظیم نے خطیر فنڈز کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب کہ جرمنی کی سربراہی میں پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی سیمینار منعقد ہونے والا ہے اور دنیا بھر میں پولیو کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
افریقہ کے علاوہ نیویارک، لندن اور یروشلم میں پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں اس خطرناک بیماری کے پھیلنے پر خدشات کا اظہار کیا گیا اور اب بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے اس کے خاتمے کے لیے حکومتوں کو مزید فنڈز دینے کا اعلان کردیا۔
فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بل اینڈ ملنڈا گیٹس پاکستان کو پولیو کے خاتمے کے لیے کتنے فنڈز فراہم کرے گی، تاہم تنظیم پاکستان کے علاوہ افغانستان میں بیماری کے خاتمے کے لیے حکومتوں کے ساتھ مل کر وسائل استعمال کرے گی۔
 

کیٹاگری میں : صحت