ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے: اسحاق ڈار

وزیرخزانہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دانش مندانہ اور قابل عمل پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیٹ بنک کراچی میں اہم کمرشل بنکوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اسحق ڈار نے یقین دلایا کہ حکومت کی مالی صورتحال بہت مضبوط ہے اور حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بنک کاروں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور مالی ومعاشی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ امریکہ کے دوران آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے ساتھ سالانہ اجلاسوں میں انہیں مثبت ردعمل ملا ہے اور حکومت دورہ امریکہ کے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے۔ ملک کے سرکردہ بنکاروں نے حکومت کی میکرواکنامک پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اعتماد کو بڑھانے اور موجودہ اکائونٹ خسارے کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔