پی ٹی آئی لانگ مارچ، تیسرے روز کا سفر مرید کے سے شروع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ آج تیسرے روز مریدکے سے روانہ ہو گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ کا آج رات پڑاؤ گوجرانوالہ میں ہو گا۔
عمران خان کی گوجرانوالہ میں موجودگی کے دوران ممکنہ کشیدگی کا خدشہ ہے جبکہ گوجرانوالہ میں وفاقی زیر خرم دستگیر کی رہائش گاہ پر پولیس سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔
4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار لانگ مارچ کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ پنجاب پولیس کے ساتھ 700 ٹریفک وارڈنز کو بھی دوسرے اضلاع سے بلایا گیا ہے۔ سی پی او گوجرانوالہ نے لانگ مارچ پر تعینات پولیس اہلکاروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مریدکے پہنچ کر رک گیا تھا۔ 
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ملاقاتوں کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ملاقاتوں کی باتیں صرف افواہیں ہیں۔ لانگ مارچ سے واپس اس لیے آیا کہ لاہور قریب تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں کہ لانگ مارچ رات کو آگے نہیں بڑھے گا۔
عمران خان نے کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے صرف ایک ہی مطالبہ کر رہا ہوں اور وہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔ اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو صرف یہ ایک مطالبہ ہی ہوگا۔