میں پاکستان کرکٹ کا فین ہوں: ڈیرن سیمی

 ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان جس طرح دو میچز قریب آکر ہارا اس سے مایوسی ہوئی۔ڈیرن سیمی نے کہا ٹی ٹوئنٹی میں بہادری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، پاکستان کو بھی آگے بڑھنے کیلئے دلیرانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ شاہین شاہ مکمل فٹ نظر نہیں آرہے 2022 میں 2021 والے شاہین آفریدی نظر نہیں آئے۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ کا فین ہوں، زمبابوے اور بھارت کیخلاف پاکستان نے حریف کو میچ میں آنے کی اجازت دی، پاکستان جس پوزیشن پر تھا وہاں سے دونوں میچز جیتنا چاہیے تھے۔
ڈیرن سیمی نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بابر کا پرفارم نہ کرپانا اس کو اچھے بیٹرز کی فہرست سے باہر نہیں نکالتا، ویرات کوہلی بھی کافی عرصہ اسکور نہیں کرسکے تھے لیکن کوہلی نے اس ورلڈ کپ میں اپنی کلاس دکھائی،امید ہے بابر جلد کم بیک کریں گے۔
ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ میں پی ایس ایل کیلئے ایک بار پھر پاکستان آرہاہوں پاکستانی فینز سے کہوں گا کہ پی ایس ایل کیلئے میدانوں کا رخ کریں۔