پاک انگلینڈ سیریز: چیئرمین پی سی بی کا پاکستان ٹیم کو پیغام

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہیڈلائنز بنانی ہیں تو انگلینڈ کو ہرانا ہے، یہی پاکستان ٹیم کو پیغام دیا ہے۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے میٖڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ یہ ہمارا بہت بڑا سیزن ہے، دعا ہے کہ خیر خیریت سے سیریز ہو جائے، پاکستان کرکٹ کا نام بنانے کیلئے انگلینڈ کی سیریز بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم بہت اچھی ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم لڑے گی، انگلینڈ ٹیم میزبانی سے محظوظ ہو گی ، پاکستان کرکٹ کو ٹیسٹ کرنے کا یہ بہترین موقع ہے، یہ جاننے کا موقع ملے گا کہ ہمارے کھلاڑی اور سسٹم کتنا مضبوط ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پچز نئی تھیں جو کہ پچھلے سال سے نسبتاً بہتر تھیں، پچز ہمارے قابو میں نہیں ہیں اس لیے ڈراپ ان پچز کے آئیڈیا کو ابھی چھوڑا نہیں ہوم ورک کر رہے ہیں، ڈراپ ان پچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اس سے ہر طرح کی پچز کا انتخاب کیا جا سکتا ہے، ہماری پچز ابھی بھی اس کوالٹی کی نہیں ہیں جو مخالف ٹیم کو سامنے رکھ کر پچ منتخب کر سکیں، تمام پچز ایک طرح کی محسوس ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہر سینٹر کی پچز الگ الگ محسوس ہوں، ہر سینٹر کی پچ کا اپنا کریکٹر ہو ، ابھی ہم اس سے دور ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نوجوان کرکٹرز کا پرفارم کرنا مثبت پہلو ہے، خاص طور پر ابوہریرہ نے متاثر کیا، 20 سال کی عمر میں اتنے رنز کرنا ایک خاص بات ہوتی ہے، سسٹم کو ابھی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، سسٹم میں مزید مقابلہ لانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی کا فائنل اچھا ہوا، ایک ٹیم نے غلبہ حاصل کیا، 20 وکٹیں لینا بڑی بات ہے، پنڈی کی پچز اچھی تھیں، قذافی اسٹیڈیم کی پچز اور اچھی بن سکتی ہیں، پچز کو بنے تین چار ماہ ہوئے ہیں، پچز کو بہتر ہونے میں وقت لگتا ہے۔