مہنگی بجلی کا انڈسٹری پر حملہ، 50 فیصد انڈسٹری بند

سوتی دھاگے اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے ملتان میں پاور لومزسیکٹر بحران کا شکار ہے جہاں 50 فیصد انڈسٹری کو تالے لگ چکے ہیں۔
ملتان میں پاور لومز کی صنعت کو مہنگائی کا جن نگل گیا۔ پاور لومز مالکان کے مطابق دھاگے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
دھاگے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث چھوٹے صنعتکار بھی پریشان ہیں جبکہ دھرنوں اور مارکیٹ کی بندش سے مزدور بے روزگار ہوگئے۔
پاور لومز مالکان کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں کی ادائیگیوں کے بعد پاور لومز چلانا تو درکنار، وہ اپنی پاور لومز بیچ کے بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔
صدر پاور لومز ایسوسی ایشن عبدالخالد قندیل کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث 50 فیصد انڈسٹری کو تالے لگ چکے ہیں۔ عبدالخالد قندیل نے کہا کہ انڈسٹری بحران کی وجہ مہنگی بجلی ، گیس کی لوڈ شیڈنگ، دھاگہ کے بڑھتے ریٹس اور آئے دن دھرنوں کے باعث بازاروں کی بندش ہیں۔
فیکڑی مالکان کا خیال ہے کہ اگر حکومت نے بروقت کوئی اقدام نہ کیا تو پاورلومز کی صنعت ختم ہونے سے بیروزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔