وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج جمعہ کو ہوگا جس می دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب ملک کے کئی علاقے بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک خودکش حملہ ہو چکا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم سے ملاقات سے قبل راولپنڈی میں دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق آج ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی منظوری دی جاسکتی ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیراطلاعات کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور آئی ایس آئی چیف شرکت کریں گے۔