سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے چین بھی میدان میں آگیا

چینی قونصل جنرل زاؤ شیرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 300 ملین روپے کی امداد دیں گے۔
قونصل جنرل زاؤ شیرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور چینی حکومت اور سفیر کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام دیا۔
انہوں نے پنجاب میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور متاثرین کی بحالی کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال اور سی پیک منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں چینی قونصل جنرل نے متاثرین سیلاب کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے 300 ملین روپے کی امداد دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے متاثرین کی مدد کے لیے تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ چینی قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی عوامی خدمات کو خراج تحسین کیا۔
اس دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے چین کی مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پنجاب میں بحالی کا کام شروع کر دیا ہے اور چین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔
ملاقات میں چینی قونصل جنرل نے پنجاب کے طلبہ کے لیے قونصل جنرل اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا۔