وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ صوبوں میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر وفاقی حکومت عمل کرے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں یہ لوگ شوق سے جیل میں گئے اب اندر جانے والے باہر آنے کے لیے منتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کل سازش کے تحت لوگوں کو اکٹھا کیا اور طے کرکے عدالت پر حملہ کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ناقابل قبول ہے، کوشش کریں گے عمران خان کو عدالتوں پر حملے کے کیس میں گرفتار کریں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ناز نخرے اٹھائے گئے، عدلیہ سے اپیل ہے آپ نے اسے رعایت دی، اس کے نخرے اٹھائے اس کو وقت دیا اب اس کا یہ نتیجہ نکلا، اس میں نہ کوئی اخلاق ہے اور نہ ہی کوئی انسانیت ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ  کسی بھی جماعت کا سربراہ 200بندہ اکٹھا کر سکتا ہے،لوگوں کو اکٹھا کرنے کیلئے سوشل میڈیا مہم چلائی گئی،عمران خان کا جرم ثابت شدہ ہے، عمران خان کو خود بھی معلوم ہے،
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خاص مقصد کیلئے لوگ اکٹھے کرنا کوئی بڑی بات نہیں،جیل بھروتحریک کیلئے سو، سوا سو لوگ اکٹھے ہوئے، عمران خان کو معلوم تھا ان پر فردجرم لگے گی، جیل جانے والے منتیں کررہے ہیں ہمیں نکالیں۔