ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی انجری کا شکار

آئی سی سی ورلڈکپ میں گزشتہ روز اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ایک بار پھر انجری کا شکار ہو کر کئی میچز سے باہر ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن آئی پی ایل کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث ان کی گھٹنے کی سرجری بھی ہوئی تھی اور وہ ورلڈکپ سے قبل ری ہیپ پراسس مکمل کر کے ٹیم میں واپس آئے تھے۔ کین ولیمسن نے مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ کے پہلے دو میچز نہیں کھیلے تھے تاہم انہوں نے گزشتہ روز بنگلا دیش کے خلاف میچ میں ناصرف شرکت کی بلکہ ففٹی بھی اسکور کی۔ کیوی کپتان نے 78 رنز اسکور کیے تھے کہ بنگلادیشی بولر کی گیند ان کے الٹے ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی جس کے باعث انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔ میچ کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا انگوٹھا سوجا ہوا ہے اور رنگ بھی بدل گیا ہے۔ اب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ کین ولیمسن کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا ایکسرے کروایا گیا جس میں فریکچر سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پیغام میں بتایا گیا ہے کہ کین ولیمسن اس امید کے ساتھ ورلڈکپ کے دوران ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے کہ اگلے ماہ ہونے والے پول میچ میں شریک ہو جائیں تاہم ان کی جگہ ٹام بلنڈل کو بطور کور کھلاڑی بھارت طلب کر لیا گیا ہے۔