حج 2024 کیلئے فلائٹ آپریشن کا اعلان

وزارت مذہبی امور نے حج 2024 کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ پاکستان سے عازمین حج کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی سے شروع ہوگا جو 9 جون تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔ ملک بھر کے 8 ائیرپورٹس پر حج آپریشن ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق جن ائیرپورٹس پر حج پروازیں آپریٹ ہوں گی ان میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان ، کوئٹہ ، سکھر، سیالکوٹ ، رحیم یار خان شامل ہیں۔ پشاور کے عازمین اسلام آباد ائیرپورٹ جبکہ فیصل آباد کے عازمین لاہور ائیرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔ کراچی ائیرپورٹ پر پہلی بار روڈ ٹو مکہ سروس شروع کی جائے گی۔اسلام آباد ائیرپورٹ پر بھی روڈ ٹو مکہ سروس ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔حج فلائٹ آپریشن میں 4 ائیر لائنز سعودی ائیرلائن، پی آئی اے، سیرین اور ائیر بلیو حصہ لیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کی ویکسینشن کا عمل 30 اپریل سے 10 حاجی کیمپس پر شروع ہوگا۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت 69 ہزار 5 سو عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔