اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا

اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ اہرون ہلیوا نے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کو روکنے کی ناکامی پر استعفیٰ دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اہرون ہلیوا حماس کے حملے پر مستعفی ہونے والی پہلی سینئر شخصیت ہیں۔ انہوں نے اکتوبر میں اسرائیل پر حملہ روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کی تھی جس نے اسرائیل کے دفاع کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ملٹری چیف آف اسٹاف نے ہارون حلیوا کا استعفیٰ قبول کر لیا اور ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ تنازع کا آغاز حماس کے 7 اکتوبر کے حملوں سے ہوا، جس کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً ایک ہزار 160 ہلاکتیں ہوئیں، اس کے علاوہ حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو قید بھی کرلیا تھا۔ اس کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی ساحلی علاقوں پر مسلسل بمباری اور زمینی حملے کیے ہیں جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ فلسطین میں شہدا کی مجموعی تعداد 34ہزار 97 سے تجاوز کر گئی، جبکہ اسرائیلی حملوں میں 76 ہزار 980 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔