بھارتی فائٹر کو تھپڑ مارنے پر سلمان خان نے کیا کہا؟ شاہ زیب رند نے بتادیا

پاکستانی کراٹے فائٹر شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس ہوتی ہے، بھارتی فائٹر سوشل میڈیا پر بھی پاکستان کے خلاف نامناسب باتیں کر رہا تھا۔ دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ کے 45 کلو گرام کیٹیگری والے مقابلوں میں پاکستان کے شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 20 سیکنڈ میں ہی روند ڈالا تھا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ زیب رند نے کہا کہ بھارتی فائٹر نے پریس کانفرنس میں بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے، بھارتی فائٹر نے گالی دی تھی اور مجھے دھکا دیا تو میں نے تھپڑ مارا، میں نے بھارتی فائٹر کو تھپڑ مارا تاکہ اس کے ہوش ٹھکانے آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فائٹ کے لیے بہت محنت کی تھی، امریکا میں ٹریننگ کی، بھارتی فائٹر سے فائٹ میں پریشر بالکل نہیں لیا، فائٹ جیتنے کے بعد بھارتی اداکار سلمان خان سے ملاقات ہوئی۔ شاہ زیب رند نے کہا کہ سلمان خان نے میرے پہلے بھی دو تین مقابلے دیکھے تھے، سلمان خان بہت خوش تھے، انہوں نے مجھ سے کہا ہر کسی کو 20 سکینڈ میں ناک آؤٹ کردیتے ہو۔ شاہ زیب رند نے کہا کہ فائٹ جیتنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا پرچم اٹھایا جو ایک پیغام تھا، بھارتی فائٹر کے رویے پر میرا پیغام تھا کہ پتھر کا جواب ہم پھول سے دیں گے۔ پاکستانی کراٹے فائٹر نے کہا کہ میرے مخالف کا ریکارڈ مجھ سے ڈبل تھا لیکن میں نے پریشر نہیں لیا، بچپن سے ہی مارشل آرٹ میں ہوں، 8 سال کی عمر سےکھیلنا شروع کیا، میں پہلا پاکستانی ہوں جو امریکی لیگ میں کھیلا ہوں۔ شاہ زیب رند کا مزید کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا کلچر دنیا میں پہنچاؤں، کوشش ہے کہ پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں اجاگر کروں۔