ایک ہفتے سے زائد کی بندش کے بعد پاک افغان چمن بارڈر کھول دیا گیا

ایک ہفتے سے زائد کی بندش کے بعد پاک افغان چمن سرحد کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا۔
چمن بارڈر کو دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے بعد کھولا گیا ہے۔
پاک افغان سرحد گزشتہ 8 دن بند رہی، پاک افغان سرحد کو 13 نومبر کو دہشت گردی کے واقعے کے بعد بند کردیا گیا تھا ۔
اس حملے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پاک افغان سرحد کو پاکستان کی جانب سے احتجاجا بند کر دیا گیا تھا ۔
پاک افغان چمن سرحد پر پیش آنے والے واقعے پر افغان حکام نے دلی افسوس کا اظہار کیا ۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ چمن واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دیں گے، کسی کو بھی دونوں ممالک کے بھائی چارے کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرحد پر پاک افغان ٹرانزٹ دوبارہ بحال ہوگئی، پاک افغان چمن سرحد کے کھولنے سے تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔