میئرکراچی کیلئے سیاسی جوڑ توڑ، جماعت اسلامی کا وفد ن لیگ کے پاس پہنچ گیا

کراچی میں جماعت اسلامی کے وفد نے حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور شہرکی ترقی کے لیے میئر کے انتخاب کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہ محمد شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر بنےگا تو وہ شہرکے ساڑھے تین کروڑ لوگوں کا میئر ہوگا، سب کو ساتھ لےکر چلنےکا ظرف رکھتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ شہر کی ترقی کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، کراچی اس وقت تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا، چاہتے ہيں ن لیگ کے شاہ محمد شاہ اتفاق رائےکے لیےکردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے میئر یا ڈپٹی میئر پر کوئی بات نہیں ہوئی، سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں جماعت اسلامی کی ہیں، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف نہیں لیکن یہ گنتی الیکشن کمیشن کے سامنے ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبوں کو فنڈکی تقسیم کا نظام موجود ہے، صوبوں سے مقامی حکومتوں کو فنڈکی تقسیم کا نظام بھی ہونا چاہیے۔
اس موقع پر شاہ محمد شاہ نےکہا کہ وہ پرامید ہيں جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی میں اتفاق رائے ہوجائےگا، نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے حامی ہیں، شہر کی ترقی کے لیےکوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جماعت اسلامی مل کر کام کریں۔
شاہ محمد شاہ نے میئرکے لیے تمام جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنےکے لیےکردار ادا کرنےکا یقین بھی دلایا۔