بلوچستان: ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، میجر سمیت 2 اہلکار شہید

بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ميجر ثاقب حسين اور نائيک باقر علی شہيد جبکہ ايک جوان زخمی ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی بلوچستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی کمبیٹ پیٹرول پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک چھپ کر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمت نہ ہاری، اسی اثناء میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کو گولیاں لگیں، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق میجر ثاقب حسین نے سوگواران میں والدین اور بیوہ چھوڑی ہے جب کہ نائیک باقر علی نے سوگوارن میں تین سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام شہداء بشمول میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید کی وطن عزیز کے دفاع کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔