نواز شریف انتظامیہ کے بجائے اپنے نظریے پر الیکشن لڑیں: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ نواز شریف انتظامیہ کی مددکے بجائے اپنے نظریے پر الیکشن لڑیں، میاں صاحب ووٹ کو عزت دیں، ووٹ کی بے عزتی نہ کریں، انتظامیہ کے بجائے اپنے بل پر الیکشن لڑیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بادشاہ کی طرح ملک میں آؤ ، دربار میں سب کی حاضری لگواؤ اور الیکشن کی ہوا بناؤ، لیکن ساری کوششیں کرنےکے باوجود ان کی ہوا نہیں بن رہی، انہیں اپنے گھر پنجاب میں انڈوں اور ٹماٹروں کا سامنا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرکے ہی اپنی اسپیس واپس لے سکتی ہیں، ہر الیکشن میں کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ان کی حکومت آرہی ہے، ان لوگوں کو عوام بہترین جواب دیں گے، ہم 8 فروری کو بلوچستان سے اچھا سرپرائز دیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف انتظامیہ کی مددکے بجائے اپنے نظریے پر الیکشن لڑیں، میاں صاحب ووٹ کو عزت دیں، ووٹ کی بے عزتی نہ کریں، اس میں ان کی اپنی، جمہوریت اور ملک کی بہتری ہوگی، میں اس وقت الیکشن کی مہم میں ہوں، میں وزیراعظم نواز شریف یا چیئرمین پی ٹی آئی کا نعرہ لگا کر تو مہم نہیں چلاؤں گا، میرا نظریاتی اختلاف ہے، ان کی اپنی تاریخ ہے اور میری اپنی تاریخ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا باقی جماعتوں کا مطالبہ حالات کے مطابق ہے، لیکن پیپلز پارٹی تو ہر دور میں سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرتی رہی ہے، پاکستان میں نئی سیاست لانےکا وقت ہے، دشمنی کی سیاست پاکستان کے لیے مناسب نہیں، میں نے کبھی تقسیم، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں کی، میں اپنے منشور پر چلوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، ہمارا مقابلہ کسی کے ساتھ نہیں ہے، ہمارا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے ہے۔