سیاسی اختلافات بھلا کر چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک مشکل میں ہے، سیاسی اختلافات بھلا کر چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، آپس میں لڑنے سے مزید مسائل پیدا ہوں گے،سیاسی اختلافات رکھے جاسکتے ہیں مگر جب ملک مشکل میں ہو تو ہمیں چاہیے کہ ہم اختلافات بھول کر ان مسائل کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء کو بتایا جائے کہ ان کے خون کا سودا کس نے کیا؟ جس طریقے سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ افسوس کی بات ہے، ہم سب نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کئی قربانیاں دیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کے پی کے لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، عوام کو اعتماد میں لیے بغیر دہشت گردوں سے بات چیت شروع کی گئی۔ سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سنگین دہشت گردی میں ملوث افراد کو جیل سے نکالا گیا، افغان جیلوں میں پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے والوں کو طالبان حکومت نے جیل سے نکالا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان حکومت نے اس اقدام کو روکنے کی کوشش بھی نہیں کی، گزشتہ روز کا واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ ہم نے کس قسم کا امن قائم کیا ہے، ایک غلط فیصلے کی وجہ سے پاکستان سالوں پیچھے چلا گیا۔