باجوڑ میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ امیدوار جاں بحق

باجوڑ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 8 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 22 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ریحان زیب خان فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ باجوڑ پولیس کے مطابق ریحان زیب الیکشن مہم کے سلسلے میں صدیق آباد پھاٹک پر موجود تھے۔ باجوڑ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ریحان زیب خان کو قتل کر دیا اور باآسانی فرار ہو گئے۔ مقتول ریحان زیب کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ دوسری جابب بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے میزئی اڈہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر پر فائرنگ سے اےاین پی رہنما ظہور احمد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے معین خان نامی کارکن زخمی ہوا۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نےعلاقے کی ناکہ بندی کردی۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے ہونے والے پاکستانی انتخابات کے لئے بلوچستان اسمبلی کے امیدوار کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا ہے۔ آج صبح 4 بجے کے قریب نامعلوم افراد نے بلیدہ کے علاقے میناز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ظہور بلیدی کے رہائش گاہ پر دو دستی بموں سے حملہ کیا۔ دستی بم گھر کے صحن میں زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹے, تاہم حملے میں نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ نہ ہی تاحال مذکورہ حملے کی ذمہ داری کسی مسلح تنظیم نے قبول کی ہے۔