بشام میں چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث 4 دہشتگرد گرفتار

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کے مطابق چار اہم دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ حملے کا مرکزی ملزم عادل شہباز ہے جس کا تعلق جلال آباد افغانستان سے ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق عادل شہباز سمیت واقعے میں ملوث تمام ملزمان محمد شفیق قریشی، زاہد قریشی اور نذیرحسین مانسہرہ کے رہائشی ہیں۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عادل شہباز نے کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک ہونے اور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ 26 مارچ کو چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا، حملے میں 5 چینی انجینئرز ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے میں خاتون سمیت 6 چینی باشندے جاں بحق ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے چینی سفارتخانے کا دورہ کر کے اپنے سب سے قریبی دوست ملک کے باشندوں پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے تھے