نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس نور مسکانزئی جاں بحق

بلوچستان کے علاقے خاران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے میں بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی جاں بحق ہوگئے۔
ایس پی خاران آصف حلیم نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے خاران میں نامعلوم افراد نے مسجد کے باہر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نور محمد مسکانزئی شدید زخمی ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں نے جسٹس نور محمد مسکانزئی کو زخمی حالت میں محافظ کے ہمراہ قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق نور محمد مسکانزئی کو پیٹ میں 4 گولیاں لگی تھیں۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جسٹس ریٹائرڈ محمد نور مسکانزئی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کے بزدلانہ حملے قوم کو مرعوب نہیں کر سکتے، شہید محمد نور مسکانزئی ایک بہادر اور نڈر جج تھے۔