منشیات کی اسمگلنگ ناکام، خاتون کے پیٹ سے ہیروئن کے درجنوں کیپسول برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سوات سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 50 کیپسول نکلوالئے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد اور پشاور ایئر پورٹس پر مختلف ممالک کو کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون سمیت 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ن جی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب جانے والی ایک خاتون اور ایک مرد کو حراست میں لے کر ان کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 130 کیپسول نکلوالئے۔
خاتون کا تعلق سوات جب کہ مرد سرگودھا سے تعلق رکھتا ہے، خاتون نے 50 جب کہ مرد نے 80 کیپسول نگل رکھے تھے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے بحرین جانے والے چکوال کے رہائشی کے سامان سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
اے این ایف اسلام آباد حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ پر بھی بیرون ملک جانے والے ایک ایک مسافر کے پیٹ سے 139 ہیروئن کیپسولز برآمد کئے گئے ہیں۔