سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوبارہ صدارتی الیکشن کرانے کا مطالبہ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں 2020 کے انتخابات کا فاتح قرار دیا جائے یا اس کے متبادل کے طور دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی قانون یا تاریخ میں نہ تو صدارتی انتخابات دوبارہ لڑنے کا کوئی طریقہ کار ہے اور نہ ہی انتخابات میں ہارنے والے کو دو سال بعد فاتح قرار دینے کا۔
لیکن لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس حقیقت سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے اس طرح کا ناممکن مطالبہ کرنے کے لیے اپنے ہی ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔
انہوں نے گذشتہ صدارتی انتخابات کے دوران فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی جانب سے جو بائیڈن کے بیٹے کے بارے میں جاری تحقیقات کا انکشاف نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’تو اب حتمی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایف بی آئی نے انتخابات سے قبل ہنٹر بائیڈن کے لیپ ٹاپ کی خبر کو یہ جانتے ہوئے چھپایا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ٹرمپ 2020 کے صدارتی انتخابات میں آسانی سے جیت جاتے۔‘
دسمبر2020 میں اٹارنی اور سابق لابیسٹ ہنٹر بائیڈن نے انکشاف کیا تھا کہ ایف بی آئی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا انہوں نے متعدد غیر ملکی کاروباری منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس مناسب طریقے سے ادا کیا ہے یا نہیں۔
ایف بی آئی جو عام طور پر محکمہ انصاف کی دیرینہ پالیسیوں کی وجہ سے تحقیقات کے وجود کو تسلیم نہیں کرتی ہے، ان پالیسیوں پر عمل پیرا رہی باوجود اس کے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران یہ دعویٰ کرتے رہے کہ ہنٹر بائیڈن اور ان کے والد دونوں ہی غیر متعین جرائم کی مد میں گرفتاری اور قانونی چارہ جوئی کے مستحق ہیں۔