بلوچستان میں بارشوں سے مزید 9 افراد جاں بحق

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 216 ہو گئی ہے۔
حالیہ بارشوں نے رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں ہر طرف تباہی کی داستانیں رقم کی ہیں، بلوچستان میں بارش اور سیلابی ریلوں سے ساڑھے 26 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ رابطہ سڑکیں، پل، حفاظتی بند اور کئی چھوٹے ڈیم بھی ٹوٹ گئے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی حصے میں کوژک ٹاپ، شاخہ ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بیشتر ندیوں میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے موجود ہیں۔
اس کے علاوہ کوئٹہ چمن شاہراہ زیرآب آ گئی ہے اور سیلابی پانی کئی مقامات پر سڑک بہا کر ساتھ لے گیا ہے جس سے کوئٹہ اور چمن کے درمیان ہر قسم کی زمینی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بلغانی کے علاقےکلی رشید میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا جس نے کئی مکانات تباہ کر دیے ہیں۔
کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے۔