بلوچستان میں سیلاب سے گیس اور بجلی کا نظام درہم برہم

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے جس سے بیشتر علاقے بجلی کی بندش کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں مسلسل 30 گھنٹے سے کبھی تیز کبھی ہلکی بارش جاری ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی جب کہ کوئٹہ میں خواتین اور بچوں سمیت 500 سے زائدافرادسیلابی پانی میں پھنس گئے۔
شدید بارشوں کے باعث شہر میں بجلی اور گیس کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہوگیا جب کہ مواصلاتی نظام میں بھی خلل آگیا ہے۔
صورت حال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نےکوئٹہ میں سیلاب کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کلی ناصران کے مکینوں کوبائی پاس کی طرف نکلنےکی ہدایت دے دی۔
اس کے علاوہ شدید بارشوں کی وجہ سے کوئٹہ کا زمینی، فضائی اور مواصلاتی رابطہ گزشتہ 8 گھنٹے سے منقطع ہے،موبائل فون بند اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جب کہ کوئٹہ کا پی ٹی سی ایل نیٹ ورک بھی بند ہوگیا اور گراؤنڈ انٹرنیٹ بھی کام نہیں کر رہا۔