بھارتی ٹیم کو بڑا جھٹکا، آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا ایشیا کپ سے باہر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا گھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ ٹی20 سے باہر ہوگئے۔
غیر ملکی خبرایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے مڈل آرڈر میں بلے باز اور اسپن باؤلررویندرا جڈیجا نے پہلے مرحلے میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے خلاف بھارت کی جیت میں خاص کردار ادا کیا۔
کل پاکستان سے ہونے والے دوسرے مقابلے سے قبل کرکٹ بورڈ نے رویندرا جڈیجا کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر آکشر پٹیل کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
بورڈ آف کرکٹ فار کنٹرول ان انڈیا ( بی سی سی آئی) نے اپنے بیان میں کہا کہ رویندرا جڈیجا کو دائیں گھٹنے میں چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر کیا گیا ہے جبکہ آکشرپٹیل جلد ہی دبئی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔
جب بھارت نے پاکستان کے خلاف دو گیندوں کے ساتھ 148 رنز کا تعاقب کیا تو رویندرا جڈیجا نے 35 رنز بنائے اور ہاردک پانڈیا کے ساتھ 52 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
اس سے قبل رویندرا جڈیجا نے ہانگ کانگ کے خلاف اپنی ٹیم کی 40 رنز کی جیت میں باؤلنگ کے ذریعے اہم کردار ادا کیا اور باؤلنگ میں 15 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
6 ملکی ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کر رہا ہے جو اس سال آسٹریلیا میں اگلے ماہ شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ایک وارم اپ ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑی جڈیجا انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہرہونے والے پہلے کھلاڑی نہیں بلکہ اس سے قبل پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی گھٹنے میں انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر کیا گیا تھا۔