پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے انڈیکس کی انٹری

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے اپنے پہلے بنیادی انڈیکس پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کا اجرا کر دیا ہے۔
پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کو پی ایس ایکس میں ڈیویڈنڈ ادا کرنے والی سرفہرست 20 کمپنیوں کی کارکردگی کو ٹریک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے تحت کمپنیوں کو ان کے گزشتہ 12 ماہ کے ڈیویڈنڈ دینے کی بنیاد پر درجہ بندی اور وزن دیا گیا ہے۔
منگل کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کے اجراء کے موقع پر، ایم ڈی اور سی ای او پی ایس ایکس فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں اور مارکیٹ میں حصہ لینے والوں کے تجربے کو بڑھانے کے لیے مسلسل جدت اور نئی مصنوعات اور پیشکشیں پیش کر رہا ہے۔ پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کا 14 واں ایکویٹی انڈیکس ہے جو مارکیٹ کے شرکاء کو سرمایہ کاری کے پورٹ فولیوز کا جائزہ لینے کے لیے ان انڈیکسوں کو استعمال کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے زیادہ منافع دینے والی کمپنیوں کی نشاندہی کرکے یہ انڈیکس موجودہ معاشی حالات میں سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے چیف پروڈکٹ آفیسر اور ریجنل ہیڈ، حسن رضا نے کہا پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کا اضافہ مارکیٹ کے شرکاء کے لیے ایک بے پناہ مددگار ثابت ہوگا کیونکہ یہ کمپنیوں کو ان کے نقد ڈیویڈنڈ کی ادائیگی کی بنیاد پر اسکرین کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ مارکیٹ کے شرکاء کو اپنے پورٹ فولیو میں سرمایے کی حامل کمپنیوں کے اسٹاک کو منتخب کرنے کے قابل بنائے گا جو 12 ماہ میں سب سے زیادہ ڈیویڈنڈ ادا کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈیکس سرمایہ کاروں کو ڈیویڈنڈ ادا کرنے والی کمپنیوں کی بنیاد پر اپنے پورٹ فولیو کا اندازہ لگانے اور بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
پی ایس ایکس 20انڈیکس میں جن کمپنیوں کو رکھا گیا ہے ان میں الائیڈ بینک،اٹک پٹرولیم لمیٹیڈ،بینک الفلاح لمیٹیڈ،بینک الحبیب۔اینگرو کارپوریشن لمیٹیڈ،اینگرو فرٹیلائزر،اینگرو پولیمر،اینگرو پاورگن قادر پور،فاطمہ فرٹیلائزر،فوجی فرٹیلائزر،حبیب بینک لمیٹیڈ،حبیب میٹروپولیٹن بینک،انڈس موٹر کمپنی،انٹر نینشل اسٹیل،کوٹ ادو پاور کمپنی،ایم سی بی،نشاط لمیٹیڈ،پاکستان آئل فیلڈ،طارق گلاس انڈسٹریزاور یونائیٹیڈ بینک لمیٹیڈ شامل ہیں۔