سیلاب میں گھرے اپنے پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن امداد کریں گے: قطر

قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی کا کہنا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، امدادی سامان کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے مزید ٹیمیں بھی جلد پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں ہاتھ بٹائیں گی۔
پاکستان میں تعینات برادر اسلامی ملک قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں گھرے اپنے پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن امداد کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ امدادی سامان لیکر پہلی کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے جس میں خوراک اور ادویات سمیت دیگر اشیا ضروریہ شامل ہیں۔ سفیر قطر نے مزید کہا کہ قطر چئیرٹی، قطر ریڈ کریسنٹ، قطر ڈویلپمنٹ فنڈ اور قطری وزارت داخلہ کی مشترکہ کاوشوں سے مزید ٹیمیں جلد ہی پاکستان پہنچ کر متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے حکومت پاکستان کا ہاتھ بٹائیں گی۔

وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے حالیہ دورہ قطر کے حوالے سے شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور انھوں نے امیر قطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی جو کہ انتہائی کامیاب رہی، اس دورہ کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، قطر ابتدائی طور پر پاکستان میں چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور سراہتے ہیں اور جلد ہی مزید ایک لاکھ پاکستانیوں کومختلف شعبہ جات میں نوکریوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
قطر کے سفیر نے مزید بتایا کہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے لئے ویزہ کی ہر قسم کی سہولیات کو مزید آسان بنانے کے لئے لاہور اور پشاور میں قطر کے قونصل خانے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔